نئی دہلی،27؍جنوری (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )بی جے پی لیڈر و نے کٹیارکی طرف سے ان کی پارٹی میں کانگریس صدر سونیا گاندھی کی بیٹی پرینکا گاندھی کے مقابلہ میں زیادہ خوبصورت پرچارک ہونے کا اشتعال انگیز بیان دئیے جانے کے بعد اب کانگریس کی طرف سے جاری پوسٹروں میں پرینکا گاندھی واڈرا کواندرا گاندھی اور درگابتایا گیا ہے۔سوشل میڈیا پر شیئر کئے گئے اس پوسٹر میں ونے کٹیار سے معافی مانگنے کا مطالبہ بھی کیاگیا ہے۔پوسٹر میں لکھاہے ،’وہ اندرا ہے، وہ درگا ہے، وہ ہے شکتی کا اوتار‘۔ہندوستان کی سابق وزیر اعظم اور پرینکا کی دادی اندرا گاندھی کا ذکر اس پوسٹر میں ممکنہ طور پر اس لیے کیا گیا ہے، کیونکہ پرینکا کی شکل بہت حد تک انہی سے ملتی جلتی ہے، اور اندرا گاندھی کو انتہائی مضبوط شخصیت کی حامل لیڈر کے طور پر یاد کیا جاتا ہے۔دراصل ، ایک صحافی نے ونے کٹیار سے پوچھا تھا کہ اتر پردیش اسمبلی انتخابات 2017کے دوران پرینکا گاندھی واڈرا بھی تشہیر کرنے کے لیے آنے والی ہیں، چنانچہ ،ان کے خیال میں وہ رائے دہندگان کو کتنا متاثر کر پائیں گی؟اس پر بی جے پی لیڈر نے کہاکہ اس سے کیا فرق پڑے گا ؟ ہمارے پاس زیادہ خوبصورت اسٹارپر کیمپنر ہیں،اداکارائیں ہیں،اداکار ہیں، وہ بہتر ہیں۔دلچسپ ہے کہ کٹیارکے اس بیان سے بی جے پی نے بھی خودکو دورکرلیا تھااور اس کو قابل مذمت اور ناقابل قبول قرار دیا، لیکن ونے کٹیار نے معافی مانگنے سے انکار کر دیا۔ادھر اپنے ردعمل میں پرینکا گاندھی نے اس تبصرہ کامذاق اڑاتے ہوئے کہاکہ اگر انہیں میری ساتھیوں میں صرف یہی ظاہر ہوتا ہے، جو انتہائی بہادر، مضبوط اور خوبصورت ہیں، اور ہر طرح کی مشکلات سے مقابلہ کر کے وہاں پہنچی ہیں جہاں وہ ہیں تو مجھے اور بھی زیادہ ہنسی آتی ہے۔بعد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ونے کٹیارنے پرینکاگاندھی کو اپنی بھتیجی جیسی بتایا اور حیرانی کا اظہارکیا کہ ان کے بیان کو توہین آمیز کیسے سمجھاجارہاہے ۔